حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے ہندوستان میں نمائندے حجت الاسلام و المسلمین سید کمال حسینی نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ شیعہ دینیات کا دورہ کیا اور شعبے کے اساتذہ و طلبہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر علمی و تحقیقی امور، جامعات کے درمیان روابط کے استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران حجت الاسلام کمال حسینی نے تحقیق کے فروغ، علمی روابط کے استحکام اور جامعات کے مابین تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے شعبۂ شیعہ دینیات کے اساتذہ اور طلبہ کو یقین دہانی کروائی کہ دینیات و اسلامیات کے اساتذہ اور طلبہ کے لیے علمی و تحقیقی تعاون کے امکانات کو عملی شکل دینے کے سلسلے میں متعلقہ منتظمین سے گفتگو کریں گے، تاکہ دونوں اداروں کے درمیان روابط مزید مستحکم ہوں اور اساتذہ و طلبہ کو تحقیق کے نئے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اس موقع پر شعبۂ شیعہ دینیات کے صدر ڈاکٹر اصغر اعجاز نے مہمان کا پُرتپاک استقبال کیا اور ان کی آمد کو شعبے کے لیے خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ شعبے کے ساتھ کمال حسینی کا علمی و تحقیقی تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا اور ان کی سرپرستی، رہبری اور رہنمائی میں تحقیق و تصنیف کا علمی سفر مزید آگے بڑھے گا۔
اس ملاقات میں حجت الاسلام کمال حسینی کے ہمراہ پروفیسر علی محمد نقوی بھی موجود تھے، جو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف تھیالوجی کے سابق ڈین، سر سید اکیڈمی کے سابق ڈائریکٹر اور عالمِ اسلام کی معروف علمی و دینی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی موجودگی نے اس علمی نشست کی اہمیت اور وقار میں مزید اضافہ کیا۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ ملاقات جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ہندوستان کے شعبۂ شیعہ دینیات کے درمیان علمی و تحقیقی روابط کے فروغ اور دینیات و اسلامیات کے اساتذہ و طلبہ کے لیے نئے تحقیقی مواقع کی فراہمی کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔










آپ کا تبصرہ